بنوں: بنوں میں آج صبح سویرے دہشت گردوں نے ایف سی کے مرکز پر حملہ کیا، خود کش دھماکے کے بعد مسلح افراد مرکز کے اندر داخل ہو گئے۔
پولیس کے مطابق اس حملے میں اب تک ایک ایس ایچ او سمیت چار پولیس اہلکار اور تین شہری زخمی ہوئے ہیں۔ بنوں پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد چھ تھی جن میں سے پانچ کو ہلاک کر دیا گیا ہے جبکہ ایک کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے پہلے عمارت پر خودکُش حملہ کیا اور اُس کے بعد وہ ایف سی کے مرکز میں داخل ہو گئے۔

حملہ آوروں نے مرکز میں داخل ہونے کے بعد اس پر قبضہ کرنے کی کوشش کی لیکن وہاں موجود اہلکاروں نے جوابی کارروائی شروع کر دی تھی۔ اس دوران پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ حملہ آوروں میں سے پانچ کو ہلاک کر دیا گیا ہے تاہم ایک کی تلاش جاری ہے۔
ایف سی پر حملے کے بعد فورسز کے ساتھ کئی گھنٹوں تک دہشت گردوں کا مقابلہ جاری رہا اور اس دوران شدید فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

دہشت گردوں کے حملے کے بعد علاقے میں شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازوں سے خوف و ہراس پھیل گیا۔
فائرنگ اور دھماکے سے قریبی آبادی کے گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے، کئی گھروں کے دروازے اور شیشے ٹوٹنے کی اطلاعات ہیں جب کہ مقامی لوگ خوفزدہ ہوگئے۔ کارروائی کے وقت ایف سی لائن کی طرف جانے والے تمام راستے بند کر دیے گئے تھے تاکہ آپریشن میں رکاوٹ نہ آئے۔
سی پی او بنوں سلیم کلاچی خود موقع پر موجود رہے اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی قیادت کرتے رہے جب کہ کوئیک ریسپانس یونٹ سمیت مزید پولیس نفری کو بھی جائے وقوع پر طلب کرلیا گیا تھا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور دہشت گردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی جی خیبر پختونخوا نے بتایا کہ بنوں میں ایف سی پر بڑے حملے کو ناکام بنا دیا گیا ہے اور خودکش حملہ آوور سمیت 5 دہشت گرد مار دیے گئے ہیں، جس کے بعد بنوں میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا بڑا منصوبہ تھا، جسے بروقت کارروائی کرکے ناکام بنا دیا گیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos