کالا باغ ڈیم اور صدارتی نظام پارٹی پالیسی نہیں،سلمان اکرم راجا

راولپنڈی میں انسدادِ دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ لاہور میں ایم پی ایز اور ایم این ایز کو بانی کا پیغام پہنچایا گیا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ سیلاب متاثرین کی مدد اپنی جیب سے کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کالا باغ ڈیم سے متعلق بیان پارٹی پالیسی نہیں بلکہ ذاتی رائے ہے، کیونکہ سندھ اور خیبر پختونخوا میں بھی اس منصوبے پر تحفظات پائے جاتے ہیں۔ سلمان اکرم راجا نے کہا کہ جب تک سیاسی ہم آہنگی نہیں ہوگی اس قسم کا منصوبہ شروع نہیں کیا جانا چاہیے، ورنہ صوبوں کے درمیان اختلافات وفاق کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدارتی نظام بھی تحریک انصاف کی پالیسی کا حصہ نہیں ہے۔ موجودہ پارلیمان "فارم 47” کی پارلیمان ہے اور اس کے پاس آئینی ترمیم کر کے صدارتی نظام لانے کا کوئی اختیار نہیں۔

سلمان اکرم راجا نے اپنے خلاف مقدمات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ بار بار تاریخیں دی جاتی ہیں لیکن انہی مقدمات میں سزا بھی سنائی جا سکتی ہے۔ ان کے مطابق جہاں کوئی ثبوت موجود نہ ہو وہاں بھی سزائیں دی جاتی ہیں، ایسے میں انصاف کی امید کم ہی رہ جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کبھی کبھار عدالتیں مجبور ہو کر ریلیف دیتی ہیں، ورنہ زیادہ تر مواقع پر انصاف ملنا مشکل ہو جاتا ہے۔