راولپنڈی ، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک میں انصاف کو عام کیا جائے تاکہ عوام کو سکون اور پاکستان کو ترقی مل سکے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے بتایا کہ جج کی طبیعت ناساز تھی لیکن ان کی حاضری لگا دی گئی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ فیصل آباد میں ان کے بھتیجے کو چار مقدمات میں دس، دس سال قید کی سزا سنائی گئی ہے حالانکہ نہ جرح کی اجازت دی گئی اور نہ ہی کوئی گواہ پیش کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وکیل اور گواہ دونوں سرکاری ہیں، انصاف کی دھجیاں اڑا دی گئی ہیں۔ غریب کارکنوں کو دی گئی سزاؤں سے ان کے گھروں کے حالات خراب ہو گئے ہیں، ان کے پاس نہ کھانے کو کچھ ہے اور نہ ہی بچوں کی فیس دینے کے وسائل۔
شیخ رشید نے کہا کہ عوامی سہولت اور مساوی انصاف ہی ملک کو آگے بڑھا سکتا ہے، ایسا نظام نہ ہو کہ لوگ انصاف کے بجائے مایوسی میں آسمان کی طرف دیکھنے لگیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کالا باغ ڈیم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے سیاسی کیریئر میں بارہا ڈیم بنانے کی کوشش کی لیکن سندھ کے عوام نے کالا باغ ڈیم کو کبھی قبول نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی آبی جارحیت سے پاکستان کا کسان بدحال ہو گیا ہے، اس لیے کسانوں کی حقیقی معنوں میں مدد ضروری ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos