پاکستان میں آن لائن فراڈ 3 ارب روپے تک جا پہنچا،سائبر کرائم ایجنسی کی بریفنگ

 

نیشنل سائبر کرائمز انویسٹی گیشن ایجنسی نے قائمہ کمیٹی آئی ٹی کو بتایا کہ دنیا بھر میں آن لائن فراڈ کا حجم 2 ہزار ارب ڈالر تک ہے جبکہ پاکستان میں اس کی مالیت تقریباً 3 ارب روپے ہے۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ آن لائن قرض دینے والی کئی ایپس 1800 فیصد تک ریٹرن لے رہی تھیں، تاہم ایس ای سی پی کی نئی ریگولیشنز کے بعد اب زیادہ سے زیادہ 100 فیصد تک سود لیا جا سکتا ہے۔

ایجنسی حکام کے مطابق ایک سال میں 63 کال سینٹرز پر چھاپے مار کر 450 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ آن لائن قرضہ فراڈ میں ملوث 90 فیصد کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔

مزید بتایا گیا کہ شہریوں کو سرمایہ کاری، بینک یا کوریئر نمائندے کے بھیس میں او ٹی پی لے کر دھوکہ دیا جاتا ہے۔ واٹس ایپ ہیکنگ کے کیسز میں بھی اضافہ ہوا ہے، جس کی بحالی میں 10 سے 12 گھنٹے لگتے ہیں اور اس دوران فراڈ کیا جاتا ہے۔