الیکشن کمیشن نے مرتضیٰ وہاب کی اپیل بحال کردی

 

اسلام آباد میں الیکشن کمیشن نے ڈی ایم او کے فیصلے کے خلاف میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی اپیل پر سماعت کی۔ تین رکنی کمیشن کی سربراہی ممبر سندھ نثار درانی نے کی۔

مرتضیٰ وہاب کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈی ایم او نے انہیں سنے بغیر فیصلہ سنایا اور کوئی نوٹس بھی جاری نہیں کیا گیا۔ الزام یہ لگایا گیا تھا کہ انہوں نے الیکشن مہم کے دوران پریس کانفرنس کی، جس کے باعث اپیل مسترد ہوئی۔

الیکشن کمیشن حکام نے مؤقف دیا کہ اپیل مقررہ وقت کے بعد دائر کی گئی تھی۔ سماعت کے دوران ممبر پنجاب نے ریمارکس دیے کہ کمیشن نے کئی بار طلب کیا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔

وکیل نے وضاحت دی کہ کراچی میں بارشوں کے باعث پیش نہیں ہو سکے۔ اس پر ممبر پنجاب نے کہا کہ کمیشن ایک سال سے بلا رہا تھا، امید ہے دوبارہ کئی ماہ غیر حاضر نہیں رہیں گے۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے اپیل بحال کرتے ہوئے مزید سماعت 16 ستمبر تک ملتوی کر دی۔