کراچی: مقامی عدالت نے کم عمر طالبہ کو ہراساں کرنے کے کیس میں جرم ثابت ہونے پر ڈرائیور کو 14برس قیداور10لاکھ جرمانے کی سزا سنا دی، جرمانے کی عدم ادائیگی پر ملزم کو مزید 3سال قید بھگتنا ہوگی۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کراچی وسطی کی عدالت میں وین ڈرائیور کے خلاف کمسن طالبہ کو ہراساں کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔
پراسیکیوٹر حنانازنے کہا ملزم نارتھ ناظم آباد میں اسکول سے گھر بچی کو پک اینڈ ڈرا پ کرتا تھا،بچی نے اپنے والدین کو بتایا کہ ڈرائیور اس کے ساتھ غیراخلاقی حرکات کرتا ہے،والدین کی شکایت پر ملزم کو گرفتار کیاگیا۔
ملزم کے وکیل نے کہاکہ مقدمے میں واقعہ کی جگہ اور وقت نہیں بتایاگیا۔پولیس نے کہا کہ ملزم کیخلاف تھانہ تیموریہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم اویس خان کو 14برس قید کی سزا سنا دی،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کراچی وسطی نے ملزم پر دس لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا،جرمانے کی عدم ادائیگی پر ملزم کو مزید 3سال قید بھگتنا ہوگی۔
عدالت نے کہاکہ وکیل صفائی نے نکتہ اٹھایا کہ مقدمے میں وقت اور جگہ نہیں بتائی گئی،بچی سات سال کی ہے، اس کیلئے یہ یاد رکھنا بہت مشکل ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos