بھارت کی جانب سے بغیر اطلاع دیے دریائے چناب میں پانی چھوڑے جانے کے بعد ہیڈ مرالہ، وزیرآباد اور ہیڈ خانکی پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ پانی کے دباؤ کو کنٹرول کرنے کے لیے ہیڈ خانکی کے قریب پل کے مقام پر پہلا شگاف ڈالنے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے تاکہ بڑے پیمانے پر نقصان سے بچا جا سکے۔
ساڑھے چار سو دیہات کو خالی کرانے کے لیے مساجد میں اعلانات کیے گئے ہیں جبکہ ہیڈ قادرآباد پر بھی پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو رہی ہے۔
ملتان کے قریب دریائے چناب میں ساڑھے چار لاکھ کیوسک سے زائد کا ریلا گزر رہا ہے جس کے باعث 148 بستیاں اور دیہات ڈوب چکے ہیں اور تین لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ہیڈ محمد والا اور شیرشاہ کے مقام پر دو بریچنگ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔ اکبر فلڈ بند پر پانی 417 فٹ کی سطح پر پہنچنے کے بعد شگاف ڈالنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ مظفر گڑھ میں 24 دیہات ڈوب گئے ہیں جبکہ کبیروالا میں ریلوے پل کے اوپر سے پانی گزرنے لگا ہے جس سے درجنوں دیہات متاثر ہو چکے ہیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے خبردار کیا ہے کہ 5 ستمبر تک صوبے کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق:
دریائے چناب ہیڈ مرالہ ورکس: 247,986 کیوسک
خانکی ہیڈ ورکس: 502,633 کیوسک
قادرآباد ہیڈ ورکس: 530,537 کیوسک
چنیوٹ پل: 494,190 کیوسک
تریمو ہیڈ ورکس: 253,979 کیوسک
دریائے راوی جسڑ: **82,140 کیوسک
راوی سیفون: 98,554 کیوسک
بلوکی ہیڈ ورکس: 121,600 کیوسک
سدھنائی ہیڈ ورکس: 139,999 کیوسک
سلیمانکی ہیڈ ورکس: 132,492 کیوسک
اسلام ہیڈ ورکس: 95,727 کیوسک
پنجند ہیڈ ورکس: 169,032 کیوسک
این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے راوی کا بہاؤ پنجند کی طرف بڑھ رہا ہے اور 5 ستمبر تک ہیڈ پنجند سے ایک بڑا ریلا گڈو کی جانب روانہ ہوگا۔
ریلیف کمشنر کے مطابق پنجاب میں سیلاب کے باعث اب تک 43 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، متاثرہ افراد کی تعداد 33 لاکھ 63 ہزارہے، جن میں سے 12 لاکھ 92 ہزار کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے جبکہ 7 لاکھ 99 ہزار سے زائد مویشیوں کو بھی بچا لیا گیا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos