اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عوام پاکستان پارٹی کے کنوینر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی نمائندہ نہیں، اس لیے اسے عوام کی مشکلات سے زیادہ اپنے مفادات کی فکر ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی کی قیمت 200 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے اور صرف ایک روپے کے اضافے سے عوام کی جیب سے 7 ارب روپے نکل جاتے ہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ ایک سال میں چینی کی قیمت میں 50 فیصد اضافہ ہوا اور اس سے شوگر ملز مالکان کو سینکڑوں ارب روپے کا فائدہ پہنچایا گیا۔
شاہد خاقان عباسی نے الزام لگایا کہ حکومت اور چینی پرائس کنٹرول کی تمام کمیٹیاں ناکام ثابت ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے چینی کی قلت کے باوجود ایکسپورٹ کی اجازت دی گئی اور اب امپورٹ بھی غیر شفاف انداز میں کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق حکومت نے مہنگے داموں چینی خریدی لیکن اسے عوامی مارکیٹ میں آنے نہیں دیا بلکہ مشروبات اور دیگر فیکٹریوں کو بیچنے پر مجبور کیا۔
انہوں نے کہا کہ آٹے کا بحران چینی سے بھی زیادہ سنگین ہو چکا ہے، مگر حکومت غلطی ماننے کو بھی تیار نہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos