جنرل ساحر شمشاد مرزا کا قطر کا دورہ،دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

 

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے قطر کا دورہ کیا اور اعلیٰ سطحی فوجی تعاون کمیٹی کے دوسرے اجلاس میں شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے نائب وزیراعظم و وزیر دفاع قطر شیخ سعود بن عبدالرحمن اور قطری افواج کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل جاسم محمد احمد المنال سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں خطے کی سکیورٹی صورتحال اور عالمی امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر بات چیت ہوئی۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس نے پاکستان اور قطر کے برادرانہ تعلقات کو نمایاں کرتے ہوئے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں مستقبل کے تعاون پر زور دیا۔ قطری قیادت نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

قطری افواج کے ہیڈکوارٹرز آمد پر جنرل ساحر شمشاد مرزا کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔