راولپنڈی:علیمہ خان کو میڈیا سے بات چیت کے دوران انڈا مار دیا گیا۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان میڈیا سے گفتگو کررہی تھیں، جہاں انہیں کسی نے انڈا پھینک کر مارا۔پولیس نے علیمہ خان کو انڈا مارنے کے شبہے میں 2 خواتین کو حراست میں لے لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انڈا مارنے والی خواتین بھاگ کر اپنی گاڑی میں بیٹھ گئیں جس کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کی گاڑی کو گھیرے میں لے کر شیشے توڑ دیے۔
عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ ہمیں فکر نہیں ہم پر کوئی حملہ کرے ہمیں پتہ ہے یہ ہوگا۔
اس موقع پرعلیمہ خان صحافیوں کے ساتھ سوالات کا سیشن کیے بغیر ہی واپس روانہ ہو گئیں۔
دوسری جانب صحافی نے بات کرتے ہوئے کہا کہ سوال کرنے پر دھمکیاں دی جا رہی ہیں، آپ کے بھائی بھی ایسا کرتے تھے، جس پر علیمہ خان گاڑی میں بیٹھ کر روانہ ہو گئیں۔
سوال پوچھنے پر سوشل میڈیا ٹرولنگ اور دھمکیوں کے معاملے پر اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں نے علیمہ خان سے شدید احتجاج کیا۔ یاد رہے کہ منگل کے روز صحافی طیب بلوچ نے علیمہ خان سے عمار سولنگی کی ٹوئٹ میں لگائے گئے الزامات پر سوال کیا تھا، جس میں علیمہ خان کی چندے سے ذاتی جائیداد خریدنے کی تفصیلات دی گئی تھیں۔
صحافی نے بات کرتے ہوئے کہا کہ طیب بلوچ کے خلاف تحریک انصاف کی سوشل میڈیا مہم شروع کر دی گئی ہے۔ آپ نے سوال کا جواب تو نہیں دیا، طیب بلوچ کو دھمکیاں دی گئیں۔ کیا سوال پوچھنا جرم ہے۔ کیا آپ صرف من پسند سوال کا جواب ہی دیں گی؟۔
صحافی نے پوچھا کہ سوشل میڈیا پر ٹرولنگ اور دھمکیوں کا آرڈر کس نے دیا؟ آج تو جواب دیں، عمار سولنگی کے ٹوئٹ میں ثبوت بھی دیے گئے۔ صحافی طیب بلوچ نے کہا کہ میڈم آپ پاکستان میں صحافیوں کی آزادی کی بات کرتی ہیں، لیکن سوال پر دھمکیاں ملتی ہیں۔ آپ کے بھائی بھی ایسا کرتے تھے، مجھے دھمکیاں ملی ہیں۔
علیمہ خان نے کہا کہ میں نے کوئی دھمکی نہیں دی اور وہ گاڑی میں بیٹھ کر چلی گئیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos