فائل فوٹو
فائل فوٹو

ملک بھر میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں عروج پر،مرکزی شاہراہوں پر سبز جھنڈوں کی بہار

اسلام آباد: ملک بھر میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ شہر کی مرکزی شاہراہوں پر سبز جھنڈوں کی بہار ہے، تجارتی مراکز، عمارتیں،گلی محلے آرائشی لائٹس سے جگمگا اٹھے۔

کراچی میں 12 ربیع الاول کے موقع پر نکلنے والے جلوسوں کے لیے ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے، جس کے تحت تمام ایس ایس پیز ٹریفک اپنے اضلاع میں جلوسوں کی نگرانی کریں گے۔

دو بڑے جلوس میمن مسجد سے روانہ ہوں گے، مولانا اکبر درس کا جلوس دوپہر ڈھائی بجے میمن مسجد سے روانہ ہو کر آرام باغ مسجد پر اختتام پذیر ہوگا، جبکہ مولانا شاہ عبدالحق قادری کی قیادت میں مرکزی جلوس سہ پہر تین بجے کے بعد روانہ ہوگا، جو میمن مسجد سے نکل کر نشتر پارک پر اختتام پذیر ہوگا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق گرومندر سے نمائش جانے والی تمام ٹریفک کو روکا جائے گا، اور ایم اے جناح روڈ پر عام گاڑیوں کا داخلہ مکمل طور پر ممنوع ہوگا۔ صرف اسٹیکر والی جلوسی گاڑیاں ہی ایم اے جناح روڈ پر داخل ہو سکیں گی، جبکہ ضلع وسطی میں آنے والی ٹریفک کو لسبیلہ، نشتر روڈ اور گارڈن کی طرف موڑ دیا جائے گا۔

اسی طرح ضلع شرقی کی ٹریفک کو شاہراہ قائدین، کشمیر روڈ اور سولجر بازار کی طرف بھیجا جائے گا، اور ضلع جنوبی کی ٹریفک کو گل پلازہ، کوسٹ گارڈ اور پاکستان چوک کی طرف موڑا جائے گا۔

لاہور میں بھی جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر خصوصی محافل اور جلوسوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے ہے اور صوبے بھر میں سیکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

آئی جی پنجاب، عثمان انور کے مطابق صوبے بھر میں 60,000 سے زائد افسران اور اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے، اور لاہور میں 8,000 سے زائد اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

لاہور میں آرائشی لائٹس اور دیگر سامان کی خریداری عروج پر پہنچ گئی ہے۔ اس کاروبار سے وابستہ افراد کو سر کھجانے کی بھی فرصت نہیں مل رہی۔ مختلف مارکیٹوں میں رنگ برنگی برقی قمقموں، نعلین مبارک اور مسجدِ نبوی کے ماڈل سمیت دیگر تزئیناتی سامان کی خریداری کے لیے شہریوں کا رش بڑھ چکا ہے۔

پشاوراور کوئٹہ سمیت ملک کے دیگر بڑے شہروں میں بھی جشن میلاد النبی ﷺ کی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں، جہاں سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔