اسلام آباد، ورکرز ویلفیئر فنڈ کے زیر اہتمام جشن عید میلادالنبی حضرت محمد مصطفی ﷺ کے موقع پر روح پرور محفل نعت کا انعقاد کیا گیا
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کے بعد حمدِ باری تعالیٰ پیش کی گئی۔ بعد ازاں نعت خواں حضرات نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ کے نذرانے پیش کیے اورخاتم النبین حضور اکرم ﷺ کی بارگاہِ اقدس میں عقیدت و محبت کے پھول نچھاور کیے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی و انسانی وسائل کی ترقی، جناب چوہدری سالک حسین نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ "حضرت محمد ﷺ خاتم النبیین کی سیرتِ طیبہ بنی نوع انسان کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ آپؐ کی تعلیماتِ اخوت، برداشت، عدل و انصاف اور خدمتِ خلق پر عمل پیرا ہو کر ہم ایک پرامن، خوشحال اور باوقار معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔”
سیکریٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ، جناب ذوالفقار احمد نے اپنے پیغام میں کہا کہ "ہمیں اپنی انفرادی و اجتماعی زندگیوں میں حضرت محمد ﷺ خاتم النبیین کی سیرتِ طیبہ کو نمونہ بنانا چاہیے۔ آپؐ کی تعلیمات نہ صرف دنیاوی کامیابی بلکہ اخروی نجات کی بھی ضامن ہیں۔ حضور اکرم ﷺ ہی انسانیت کے کامل ترین رہنما اور حقیقی رول ماڈل ہیں۔”
بعد ازاں علماء نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے نبی کریم خاتم النبیین ﷺ کی حیاتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور فرمایا کہ سیرت النبی ﷺ ایک کامل ضابطۂ حیات ہے جو انسان کو زندگی کے ہر میدان میں رہنمائی فراہم کرتی ہے۔
تقریب کا اختتام ملک و ملت کی ترقی و خوشحالی، امتِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی اور مزدوروں و ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے اجتماعی دعا پر ہوا
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos