سرورِ کونین، آقائے دو جہاں حضرت محمد ﷺ کی ولادتِ باسعادت کا جشن ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ قریہ قریہ اور نگر نگر عاشقانِ رسول ﷺ پرجوش نظر آ رہے ہیں۔ شہروں میں چراغاں ہے، فضا درود و سلام کی صداؤں سے معطر ہے جبکہ مساجد، عمارتوں، گلیوں اور بازاروں کو سبز پرچموں اور روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔
دیپالپور میں مشعل بردار جلوس نکالے گئے جن میں بڑی تعداد میں عاشقانِ رسول ﷺ شریک ہوئے۔ ملک بھر کی مساجد میں میلاد کی محافل کا انعقاد کیا گیا جہاں علمائے کرام نے سیرت النبی ﷺ پر روشنی ڈالی۔ پنجاب اسمبلی کی عمارت کو بھی دیدہ زیب لائٹنگ سے آراستہ کیا گیا۔ اسلام آباد میں آج بین الاقوامی سیرت کانفرنس ہوگی جس میں صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم کی شرکت متوقع ہے۔
عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بعض علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس موقع پر قوم اور امتِ مسلمہ کو مبارکباد پیش کی۔ صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ 12 ربیع الاول مسلمانوں کے لیے خوشی اور عقیدت کا دن ہے اور یہ ہمیں اپنی زندگیاں تعلیماتِ نبوی ﷺ کے مطابق ڈھالنے کا عہد یاد دلاتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیرتِ طیبہ ہر دور میں رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ پاکستان کو عملی طور پر تعلیماتِ نبوی ﷺ کا مظہر بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تعصب، فرقہ واریت، انتہاپسندی اور نفرت کو ختم کرکے بھائی چارہ، ایثار اور اتحاد کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ملکی مسائل کا پائیدار حل سیرت النبی ﷺ کو قومی کردار کا حصہ بنانے میں ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos