ملک میں مون سون کا دسواں اسپیل آج داخل ہوگا

 

ملک بھر میں مون سون کا دسواں اسپیل آج داخل ہو رہا ہے، جس کے دوران پیر سے بدھ تک کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔ حکام نے اربن فلڈنگ اور نشیبی علاقوں میں سیلاب کے خدشات ظاہر کیے ہیں۔

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، تھرپارکر، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، ٹھٹہ، بدین، سجاول اور حیدرآباد میں بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

اسلام آباد اور پنجاب کے کئی اضلاع میں بھی 7 سے 9 ستمبر تک بارشوں کی پیش گوئی ہے۔ مری، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور دیگر علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو محتاط رہنے، ہنگامی کٹس تیار رکھنے، محفوظ انخلا کے راستوں کی نشاندہی کرنے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔