چیئرمین پی سی بی کی قومی ٹیم کو مبارکباد

 

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔

محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ اسکواڈ ایک نئی اور باصلاحیت ٹیم ہے جو بلا خوف اور جارحانہ کرکٹ کھیل رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی قیادت میں قومی ٹیم نے 14 میں سے 10 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے، اس لیے ہمیں کھلاڑیوں اور سلیکٹرز پر اعتماد رکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اس جیت نے ٹیم کے حوصلے بلند کیے ہیں اور امید ہے کہ ایشیا کپ میں بھی کھلاڑی شاندار کارکردگی دکھائیں گے۔

چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ تنقید اور تجزیہ ٹورنامنٹ کے بعد ہونا چاہیے، اس وقت کھلاڑی ہماری مکمل حمایت کے حقدار ہیں۔

محسن نقوی نے محمد نواز کی ہیٹ ٹرک اور جارحانہ بیٹنگ کی خصوصی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی آل راؤنڈ کارکردگی نے میچ کا رخ بدل دیا، ویل ڈن محمد نواز۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ٹیم نے کم اسکور کے باوجود فائنل میں افغانستان کو شکست دے کر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔