ایشیا کپ 2025: پاک بھارت کھلاڑیوں کے درمیان کشیدگی

 

دبئی: ایشیا کپ 2025 کے اہم ٹاکرے سے قبل پاکستان اور بھارت کے کھلاڑیوں کے درمیان کشیدگی کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔ 14 ستمبر (اتوار) کو ہونے والے میچ سے پہلے دونوں ٹیموں نے آئی سی سی اکیڈمی میں ایک ہی گراؤنڈ پر نیٹ پریکٹس کی، تاہم کھلاڑیوں نے ایک دوسرے سے کوئی بات چیت یا مصافحہ نہیں کیا۔

ہفتے کی شام تقریباً تین گھنٹے تک دونوں ٹیمیں ایک ساتھ موجود رہیں لیکن پریکٹس کے لیے الگ الگ سمتیں اختیار کیں۔ میڈیا نمائندوں کی توقع تھی کہ روایتی دوستانہ مکالمہ یا مصافحہ دیکھنے کو ملے گا، مگر ایسا نہ ہوسکا۔ کھلاڑیوں کے چہروں پر سنجیدگی اور سرد مہری نمایاں تھی۔

ذرائع کے مطابق ماضی میں اگرچہ میدان میں گرما گرمی دیکھنے کو ملتی تھی، لیکن گراؤنڈ سے باہر دونوں ملکوں کے کھلاڑی خوشگوار تعلقات رکھتے تھے اور مختلف ایونٹس میں ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارتے یا تصاویر بنواتے تھے۔ تاہم حالیہ سیاسی کشیدگی، خصوصاً مئی میں ہونے والی مبینہ جھڑپوں کے بعد صورتِ حال بدل گئی ہے۔

ایشیا کپ کے اس بڑے مقابلے سے قبل کھلاڑیوں کے تعلقات میں یہ سرد مہری شائقین کے لیے حیران کن ہے، جو کرکٹ کو دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بہتر بنانے کا ذریعہ سمجھتے تھے۔

اتوار کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والا یہ میچ نہ صرف کرکٹ بلکہ پاک بھارت تعلقات کے موجودہ تناؤ کا بھی عکس ہوگا۔ شائقین کی نظریں اب کھیل کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کے رویوں پر بھی جمی رہیں گی۔