دریائے چناب میں ہیڈ تریموں اور پنجند کے مقامات پر پانی کے بہاؤ میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے جبکہ گڈو بیراج پر پانی کی آمد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق گڈو بیراج پر پانی کی آمد بڑھ کر 4 لاکھ 25 ہزار کیوسک تک پہنچ گئی ہے۔ ہیڈ تریموں پر بہاؤ کم ہوکر تقریباً 5 لاکھ کیوسک اور پنجند پر 4 لاکھ 52 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
دریائے راوی میں ہیڈ سدھنائی پر صورتحال تشویشناک ہے جہاں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب جاری ہے اور بہاؤ ایک لاکھ 35 ہزار کیوسک تک جا پہنچا ہے۔
اسی طرح دریائے ستلج میں بھی پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہے۔ گنڈا سنگھ والا پر بہاؤ بڑھ کر 3 لاکھ 27 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ کے مطابق ہیڈ سلیمانکی اور ہیڈ اسلام پر اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے، جبکہ ہیڈ اسلام پر پانی کی آمد مزید بڑھ گئی ہے اور بہاؤ ایک لاکھ 25 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos