لاہور: پنجاب اسمبلی میں ہونے والے سینیٹ ضمنی الیکشن میں غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کے رانا ثنا اللہ 250 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہو گئے۔
قبل ازیں صوبائی اسمبلی ہال میں سینیٹ کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا آغاز ہوا۔ ریٹرننگ افسر شریف اللہ نے پولنگ کا عمل شروع کروایا جو شام 4 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔
یہ نشست پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعجاز احمد چوہدری کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔
ووٹنگ کا عمل پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت میں ہوا، جہاں صوبائی اسمبلی کے اراکین نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق کامیابی کے لیے امیدوار کو 181.5 ووٹ درکار تھے۔ مسلم لیگ ن اور اس کی اتحادی جماعتوں کے حمایت یافتہ رانا ثنا اللہ کو 263 ووٹوں کی حمایت حاصل ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا جب کہ اپوزیشن امیدوار سلمیٰ اعجاز کو 100 ووٹوں کی حمایت حاصل تھی۔
پنجاب اسمبلی میں کل اراکین کی تعداد 371 ہے جن میں سے اس وقت 363 موجود ہیں جب کہ 8 نشستیں خالی ہیں۔ ان میں 6 پی ٹی آئی ارکان نااہل قرار پائے اور 2 نے تاحال حلف نہیں لیا۔
مسلم لیگ ن کے 229، پیپلز پارٹی کے 16، آئی پی پی کے 7، مسلم لیگ ق کے 11 ووٹ ہیں۔ اپوزیشن میں سنی اتحاد کونسل کے 73 اور تحریک انصاف کے 24 ووٹ شامل ہیں جب کہ تحریک لبیک، مسلم لیگ ضیا اور مجلس وحدت المسلمین کے پاس ایک ایک ووٹ ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos