بھارت نے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑا، فلڈ الرٹ جاری

بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑنے کے بعد پاکستان میں فلڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستان کو پانی چھوڑنے سے متعلق آگاہ کیا جس کے بعد وزارت آبی وسائل نے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کیا۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق بھارت کے اس اقدام کے باعث دریائے ستلج میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے اور ہریکے ڈاؤن اسٹریم اور فیروزپور ڈاؤن اسٹریم میں اونچے درجے کا سیلاب موجود ہے۔

ادارے نے ہدایت کی ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی بھارت نے ستلج میں پانی چھوڑا تھا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق:

* گنڈا سنگھ والا پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 30 ہزار کیوسک ہے۔
* سلیمانکی کے مقام پر بہاؤ 1 لاکھ 37 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
* دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر 62 ہزار کیوسک، خانکی اور قادر آباد پر 98 ہزار کیوسک، جبکہ ہیڈ تریموں پر 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک بہاؤ ہے۔
* پنجند کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 75 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔