سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ کی پی بی ایف کالج میں محفلِ میلاد میں شرکت

اسلام آباد: سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ جناب ذوالفقار احمد نے بحیثیت مہمانِ خصوصی پی بی ایف کالج میں منعقدہ محفلِ میلاد میں شرکت کی۔

اس موقع پر کالج کی پرنسپل محترمہ سارہ محسن نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کی آمد پر پھول پیش کیے۔

محفل کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔ بعد ازاں کالج کے طلبہ و طالبات نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں ہدیہ عقیدت پیش کرتے ہوئے نعت اور حمد شریف پیش کی، جس سے محفل کا روح پرور سماں مزید دوبالا ہوگیا۔

اس موقع پر سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ جناب ذوالفقار احمد نے طلبہ و طالبات کو سیرت النبی ﷺ کے مطالعے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کے لیے ضروری ہے کہ وہ حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ مبارکہ کو اپنی زندگیوں میں مشعلِ راہ بنائیں۔ آپ ﷺ کی تعلیمات میں علم حاصل کرنے کی ترغیب، اخلاقِ حسنہ اپنانے کی رہنمائی اور ایک کامیاب معاشرہ تشکیل دینے کے اصول موجود ہیں۔ اگر ہمارے بچے اور نوجوان سیرتِ نبوی ﷺ سے عملی رہنمائی حاصل کریں تو وہ ایک مضبوط، بااخلاق اور خوشحال معاشرہ تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

مزید برآں، سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ نے کالج انتظامیہ کو اس بابرکت اور روحانی محفلِ میلاد کے شاندار انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کیا۔