پنجاب حکومت نے گرین ای ٹیکسی پلان 2025 متعارف کرایا ہے، جس کے تحت اہل شہریوں کو آسان اقساط پر الیکٹرک اور ہائبرڈ ٹیکسیاں فراہم کی جائیں گی۔ اس منصوبے کا مقصد نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع دینا ہے۔
حکومتی حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں 1,100 ای ٹیکسیاں بغیر سود اقساط پر فراہم کی جائیں گی، جن میں 30 فیصد کوٹہ خواتین کے لیے مختص ہے۔ اس اسکیم کے تحت ہونیری وی سی 20 اور سی سی 30 ماڈلز کی گاڑیاں دی جائیں گی جن کی بیٹری ایک چارج پر 200 سے 300 کلومیٹر تک چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ لاہور میں ہر 5 سے 7 کلومیٹر کے فاصلے پر چارجنگ اسٹیشنز بھی قائم کیے جائیں گے۔
منصوبے کے تحت حکومت 65 لاکھ روپے کا سود فری قرض فراہم کرے گی جبکہ گاڑی کے حصول کے لیے 18 سے 20 لاکھ روپے کی ڈاؤن پیمنٹ دینا ہوگی۔ ماہانہ قسط 55 سے 60 ہزار روپے تک ہوگی۔ حکومت کی جانب سے مزید سہولتیں فراہم کرنے پر بھی غور جاری ہے۔
اسکیم کے لیے درخواست دینے والوں کے لیے شرائط طے کی گئی ہیں۔ امیدوار کا پاکستانی شہری اور پنجاب کا ڈومیسائل ہولڈر ہونا ضروری ہے، عمر 21 سے 45 سال کے درمیان ہو، درست ڈرائیونگ لائسنس، شناختی کارڈ، پاسپورٹ سائز تصاویر اور بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات فراہم کرنی ہوں گی۔
یہ اسکیم خاص طور پر کم آمدنی والے افراد کے لیے رکھی گئی ہے۔ زیادہ آمدنی والے یا مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے افراد اس سے استفادہ نہیں کرسکیں گے۔ ایک سے زائد گاڑیاں حاصل کرنے والوں کے لیے این ٹی این یا کاروباری معلومات دینا لازمی ہوگا۔
درخواست کا عمل مکمل طور پر آن لائن ہوگا۔ امیدوار کو قومی شناختی کارڈ اور فون نمبر کے ذریعے رجسٹریشن کرنا ہوگی، جس کی تصدیق ون ٹائم پاس ورڈ کے ذریعے ہوگی۔ کامیاب درخواست دہندگان بینک کا عمل مکمل کرنے کے بعد ٹیکسی وصول کر سکیں گے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos