افغانستان دہشت گردی یا پاکستان میں سے انتخاب کرے، وزیراعظم

بنوں،وزیراعظم شہباز شریف بنوں میں فوجی قیادت سے ملاقات کے لیے پہنچے جہاں انہیں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کنٹونمنٹ میں استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کی اور جنوبی وزیرستان آپریشن میں شہید ہونے والے 12 بہادر جوانوں کی نماز جنازہ میں بھی شامل ہوئے۔

 

وزیراعظم نے زخمیوں سے بھی ملاقات کی اور سی ایم ایچ بنوں میں ان کی عیادت کی۔ کور کمانڈر پشاور نے علاقے کی سیکیورٹی صورتحال اور جاری آپریشنز کا تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے متعدد واقعات میں افغان باشندوں کے ملوث ہونے کی نشاندہی ہوئی ہے

اور ان افراد کی غیرقانونی طور پر مقیم حالت کے باعث انخلاء کو فوری اہمیت دی جانی چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دہشت گردوں کے سرغنہ اور سہولت کار افغانستان میں موجود ہیں اور ان کی پشت پناہی بھارت کر رہا ہے۔

شہباز شریف نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی اور اس معاملے میں کوئی مبہم قدم برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم، ریاست اور افواجِ پاکستان بھارتی پراکسیوں کے خلاف متحد ہیں اور اس کے خلاف مؤثر جواب دینے کے لیے فوری انتظامی و قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔