لوئر دیر میں آپریشن، 10 دہشت گرد ہلاک،7 جوان شہید

راولپنڈی ،سیکیورٹی فورسز نے 11 ستمبر کو ضلع لوئر دیر کے علاقے لال قلعہ میدان میں خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 10 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

آپریشن کے دوران وطن کے 7 بہادر سپوت جامِ شہادت نوش کر گئے، جن میں نائیک عبدالجلیل (39 سال، شمالی وزیرستان)، نائیک گل جان (38 سال، لکی مروت)، لانس نائیک عظمت اللہ (28 سال، لکی مروت)، سپاہی محمد امجد (27 سال، مالاکنڈ)، سپاہی محمد داؤد (23 سال، صوابی)، اور سپاہی فضل قیوم (21 سال، ڈیرہ اسماعیل خان) شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس رپورٹس میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان توقع کرتا ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گی۔

علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے جوانوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔