وزیراعظم کا سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی بلوں کی وصولی روکنے کا حکم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں صارفین سے بجلی کے بلوں کی وصولی فوری طور پر معطل کرنے کی ہدایت دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے سیلاب زدہ علاقوں میں بجلی بلوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کی اور بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو فوری اقدامات کرنے کا حکم دیا۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاملات طے پانے کے بعد متاثرہ علاقوں کے لیے خصوصی بجلی بل پیکیج کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جن صارفین سے اگست کے بجلی بل وصول ہو چکے ہیں، ان کی رقم آئندہ ماہ کے بلوں میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ وفاقی اور صوبائی ادارے سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک اپنی کوششیں جاری رکھیں گے، اور جب تک متاثرہ خاندان اپنے گھروں کو واپس نہیں پہنچ جاتے، حکومت سکون سے نہیں بیٹھے گی۔