کراچی: آقا دوجہاں نبی کریم صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پندرہ سویں ولادت باسعادت کے پرمسرت موقع پر کراچی پریس کلب میں معروف سماجی شخصیت ڈاکٹر انوش احمد کے تعاون سے عظیم الشان اور روح پرور محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا۔
پاکستان کے معروف نعت خواں الحاج صدیق اسماعیل نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ محفل کی نظامت کے فرائض سینئر صحافی اے ایچ خانزادہ نے انجام دیے۔محفل کا آغاز قاری غلام حسین کی دلنشین تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔معروف نعت خواں فیصل حسن نقشبندی، محمد اسد ایوب، محمد زبیر، سمیر احمد سمیت نعت خواں حافظ سلمان طارق، ایاز صدیقی، واجد حسین انصاری،سبطِ حسان اور دیگر نے بارگاہِ رسالت مآب ۖ میں گل ہائے عقیدت و محبت پیش کیے۔اس موقع پر قرعہ اندازی کے ذریعے کراچی پریس کلب کے ممبران کو 3عمرہ کے ٹکٹس بھی دئیے گئے۔
تقریب میں کراچی پریس کلب کے سیکریٹری سہیل افضل نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت پر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے اور یہ محفل میلاد اسی لئے منعقد کی گئی ہے کہ ہم مل کر اپنے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو یاد کریں۔انہوں نے میلاد النبی کے انعقاد کے لیے ڈاکٹر انوش احمد کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ انوش احمد مستقبل میں بھی کراچی پریس کلب کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
ڈاکٹر انوش احمد جو کہ ایک پاکستانی نژادامریکن کاروباری شخصیت ہیں۔ پاکستان میں ان متعدد فلاحی منصوبے کام کررہے ہیں۔ اپنے پیغام میں انوش احمدنے کہاکہ عید میلادالنبی رحمتِ عالم ۖ کی سیرت طیبہ کو اپنی زندگیوں میں نافذ کرنے کا عہد ہے۔ میلاد النبی ۖ کے اجتماعات ایمان کو تازگی بخشتے ہیں اور ہمیں یہ یاد دلاتے ہیں کہ نبی کریم ۖ کی حیاتِ طیبہ ہمارے لیے چراغِ راہ ہے۔
اس موقع پر کراچی پریس کلب کے سیکریٹری سہیل افضل خان نے ڈاکٹر انوش کے نمائندے شمیر کو کراچی پریس کلب کی یادگاری شیلڈ اور اجرک بھی پیش کی جبکہ کراچی پریس کلب اور ڈاکٹر انوش کی جانب سے پریس کلب کے سیکریٹری سہیل افضل خان ، جوائنٹ سیکریٹری محمد منصف،خازن عمران ایوب ، ممبر گورننگ باڈی کفیل احمد، محمد فاروق، محمد رضوان بھٹی ، نصراللہ چوہدری ، راجہ کامران،عبدالرحمن اور دیگر سمیت نعت خوانوں اور منتظمین میں یاد گاری شیلڈ بھی پیش کی گئیں۔
تقریب میں سابق سیکریٹری کراچی پریس کلب مقصود یوسفی، عامر لطیف، صدر کے یو جے نصراللہ چوہدری،پیپ کے صدر محمد جمیل، معین اللہ خان، احمد حسن، مظفر اعجاز ، کامران کاشاری سمیت صحافیوں اور ان کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos