بھارتی ٹیم کے رویے پر محسن نقوی اور ٹیم مینجمنٹ کا ردعمل

ایشیا کپ 2025 کے چھٹے میچ میں بھارتی کھلاڑیوں کے غیر مناسب رویے پر ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ پاک بھارت مقابلے میں کھیل کے جذبے کی کمی دکھائی دی، جو افسوسناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل کو سیاست سے دور رکھنا چاہیے اور اُمید ہے کہ آئندہ تمام ٹیمیں اپنی فتوحات خوش اخلاقی اور وقار کے ساتھ منائیں گی۔

پاکستانی ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے بھی بھارتی کھلاڑیوں کے رویے کو اسپورٹس مین اسپرٹ کے خلاف قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹاس کے وقت میچ ریفری نے کپتانوں کو ہاتھ نہ ملانے کی ہدایت کی تھی، تاہم اس کے باوجود رویہ مناسب نہیں رہا۔

واضح رہے کہ پاک بھارت میچ کے دوران کھلاڑیوں کے درمیان دوریاں نمایاں رہیں۔ ٹاس کے وقت بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے ہاتھ نہیں ملایا، جبکہ میچ کے اختتام پر بھارتی کھلاڑی بھی بغیر مصافحہ کیے ڈریسنگ روم واپس چلے گئے۔