طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں،جمہوریت صرف حکومت سازی نہیں: مریم نواز

لاہور: وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جمہوریت محض حکومت سازی کا نام نہیں بلکہ عوام اور ریاست کے درمیان اعتماد کے رشتے کو مضبوط بنانے کا نظام ہے۔

جمہوریت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آئین کی حفاظت کرنے والوں کو سلام ہے کیونکہ اصل طاقت عوام کے پاس ہے، اور ان کی رائے ہی ترقی کی بنیاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فتنہ، فساد اور تشدد پر مبنی سیاست جمہوریت کی روح کے خلاف ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ جمہوریت وہ عہد ہے جس میں اقتدار عوام کی دہلیز تک پہنچتا ہے۔ ان کے مطابق معیشت جمہوریت کے بغیر پائیدار ترقی حاصل نہیں کر سکتی، اور جب جمہوریت مضبوط ہوگی تو تعلیم، سہولتوں اور نوجوانوں کے خوابوں کی تکمیل کے دروازے کھلیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے، اسے دشمنی نہیں سمجھنا چاہیے۔ یہی سبق آنے والی نسلوں کو دینا ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں جمہوریت کو نہ صرف بچانا ہے بلکہ اسے نکھار کر دنیا کے سامنے ایک مثال کے طور پر پیش کرنا ہے تاکہ یہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک ایسا سرمایہ بنے جو ہر مشکل وقت میں قائم رہے۔