کراچی،لاہور،اسلام آباد سمیت 10 بڑے شہروں میں ڈینگی کے پھیلنے کا خدشہ

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ڈینگی کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 20 ستمبر سے ملک کے بڑے شہروں میں ڈینگی پھیلنے کا خطرہ ہے۔

الرٹ کے مطابق کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت 10 بڑے شہروں کو زیادہ خطرہ لاحق ہے، جبکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ٹھہرا ہوا پانی ڈینگی مچھر کی افزائش کے لیے سب سے بڑا سبب بن سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے نشاندہی کی کہ پنجاب اور سندھ کے کئی اضلاع اب بھی زیرِ آب ہیں جہاں لاکھوں افراد عارضی شیلٹرز میں رہائش پذیر ہیں، اس صورتحال میں ڈینگی کے پھیلنے کا خدشہ مزید بڑھ گیا ہے۔

انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر فومیگیشن اور صفائی کے عمل کو تیز کرے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ گھروں کے گرد پانی جمع نہ ہونے دیں، مچھر دانی استعمال کریں اور احتیاطی تدابیر اپنائیں۔