دوحہ: قطر کے دارالحکومت میں عرب اور اسلامی ممالک کا ہنگامی سربراہی اجلاس آج منعقد ہوگا، جس میں شرکت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ قطر روانہ ہو گئے ہیں۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی شامل ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ اجلاس اسرائیل کے فضائی حملوں اور فلسطین کی بگڑتی صورتحال کے تناظر میں طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس میں اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے رکن ممالک کے سربراہان اور اعلیٰ حکام شریک ہوں گے۔
اس سے قبل وزرائے خارجہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان نے اسلامی ممالک کی مشترکہ ٹاسک فورس بنانے کی تجویز دی۔ پاکستان نے اجلاس میں اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور قطر سمیت برادر اسلامی ممالک کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 11 ستمبر کو دوحہ کا دورہ کیا تھا، جہاں قطری قیادت سے ملاقات میں پاکستان نے قطر کے ساتھ بھرپور تعاون اور حمایت کا اعادہ کیا۔ بعدازاں پاکستان نے دوست ممالک کے ہمراہ سلامتی کونسل کا اجلاس بلوا کر قطر پر اسرائیلی حملوں کی مذمت بھی کی تھی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos