ایشیا کپ کے دبئی میچ میں پاکستانی اور بھارتی شائقین کے درمیان دوستی اور ہم آہنگی دیکھنے کو ملی، جس نے بھارتی گودی میڈیا کا نفرت پر مبنی پروپیگنڈا ناکام بنا دیا۔
بھارتی شائقین نے تسلیم کیا کہ ان کی ٹیم نے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملا کر کھیل کی اسپرٹ کو نقصان پہنچایا۔ شائقین کا کہنا تھا کہ عوام کے درمیان تعلقات مثبت ہیں اور دونوں ملکوں کے لوگ کرکٹ کو کھیل کے طور پر انجوائے کرتے ہیں۔
گزشتہ روز میچ کے دوران بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو اور ٹیم نے ٹاس اور اختتامی لمحات میں پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا، جس پر بھارتی عوام نے بھی تنقید کی۔
اسٹیڈیم میں بھارتی فین سدھیر نے چاچا کرکٹ سے ملاقات کی، ہاتھ ملایا اور گلے بھی لگے۔ ایک بھارتی شائق نے کہا کہ وہ پاکستان آنا چاہتے ہیں، جبکہ دوسرے نے پاکستان کی شکست کے بعد اپنے پاکستانی دوست کا حوصلہ بڑھایا۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مزید دو مقابلے متوقع ہیں، جن میں فائنل بھی شامل ہے۔ شائقین کو یقین ہے کہ عوام میچ کو کھیل کے جذبے کے ساتھ انجوائے کریں گے، چاہے حکومتیں یا میڈیا منفی پروپیگنڈا کرتے رہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos