ایشیا کپ میں پاکستان اور یو اے ای کے درمیان ہونے والے میچ سے قبل پیدا ہونے والا تنازع حل ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کے مطالبے پر میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹا دیا گیا ہے اور اب ان کی جگہ رچی رچرڈسن فرائض انجام دیں گے۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان نے ریفری کی تبدیلی کے بعد یو اے ای کے خلاف بدھ کو میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے حوالے سے حتمی فیصلہ تاحال زیر غور ہے اور مشاورت کے بعد ہی حتمی لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔
اس سے پہلے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے اینڈی پائی کرافٹ کو برقرار رکھنے کا عندیہ دیا تھا، جس پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے حکومت سے مشاورت کے بعد ایونٹ سے دستبرداری کے آپشن پر بھی غور کیا تھا۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب پاک بھارت میچ کے دوران ٹاس کے موقع پر ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کو ہدایت دی تھی کہ بھارتی کپتان سے ہاتھ نہ ملایا جائے۔ بعد ازاں یہ بھی انکشاف ہوا کہ اس ہدایت کے پیچھے بھارتی بورڈ اور حکومتی دباؤ موجود تھا۔
میچ کے بعد پاکستانی کپتان نے بطور احتجاج اختتامی تقریب میں شرکت نہیں کی، جبکہ بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے کھیل کو سیاسی رنگ دیتے ہوئے جیت کو پہلگام واقعے سے منسوب کر دیا، جس پر مزید تنازع کھڑا ہوگیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos