ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں پاک بھارت میچ کے بعد پیدا ہونے والے ہینڈ شیک تنازع نے شدت اختیار کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ہٹانے کا مطالبہ نہ ماننے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو دوسرا خط بھیج دیا ہے۔
خط میں پی سی بی نے واضح مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ اینڈی پائیکرافٹ کی نگرانی میں قومی ٹیم کھیلنے سے انکار کرتی ہے۔ پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ مطالبہ پورا نہ ہونے کی صورت میں وہ بائیکاٹ کے فیصلے پر قائم رہے گا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی کی انکوائری کو رسمی کارروائی قرار دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ نہ تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور نہ ہی متعلقہ افراد سے رابطہ کیا گیا۔ پاکستان نے تمام تحفظات دور کرنے اور باضابطہ اعلان کے بعد ہی کھیلنے پر رضامندی ظاہر کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
ادھر اطلاعات ہیں کہ پی سی بی کے سخت مؤقف کے بعد آئی سی سی نے اینڈی پائیکرافٹ کی جگہ رچی رچرڈسن کو میچ ریفری مقرر کر دیا ہے، تاہم پاکستان کا حتمی فیصلہ آج متوقع ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی ٹیم نے میچ کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا تھا۔ پی سی بی نے اس معاملے کو کھیل کی اسپرٹ کے منافی قرار دیتے ہوئے سخت ردعمل دیا ہے۔
اگر پاکستان آج یو اے ای کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرتا ہے تو پوائنٹس حریف ٹیم کے کھاتے میں جائیں گے اور وہ سپر فور مرحلے میں پہنچ جائے گی، تاہم جیت کی صورت میں پاکستان اگلے مرحلے میں بھارت کے خلاف دوبارہ میدان میں اترے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos