راولپنڈی میں ایچ پی وی ویکسی نیشن مہم کے دوسرے دن کا مرحلہ بھی مکمل ہوگیا۔ مہم کے دوران 9 سے 14 سال کی بچیوں کو سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین فراہم کی جارہی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق اس مہم کا مجموعی ہدف 3 لاکھ 95 ہزار 609 بچیاں ہے۔ دوسرے دن 49 ہزار 783 بچیوں کو ویکسین دی گئی، جبکہ 12 ہزار 602 بچیاں تاحال ویکسین سے محروم رہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق یومیہ ہدف 65 ہزار 950 بچیوں کا رکھا گیا تھا، تاہم اب تک صرف 75 فیصد کامیابی حاصل ہوسکی۔ والدین کی جانب سے انکار کے باعث 8 ہزار 402 بچیوں کو ویکسین نہیں لگائی جا سکی۔
کارکردگی کے لحاظ سے تحصیل کہوٹہ اور کوٹلی ستیاں میں سب سے بہتر نتائج سامنے آئے جہاں 86 فیصد ہدف پورا کیا گیا۔ اس کے برعکس ٹیکسلا اور کلر سیداں میں کارکردگی کم رہی جہاں بالترتیب 61 اور 63 فیصد ہدف ہی حاصل ہوسکا۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ والدین کا انکار اور ویکسین کے حوالے سے غلط فہمیاں مہم کی سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، تاہم راولپنڈی سٹی، کینٹ اور رورل میں سب سے زیادہ بچیوں کو ویکسین فراہم کی گئی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos