شیری رحمان: آپریشن بنیان مرصوص کے بعد پاکستان ایک مضبوط طاقت کے طور پر سامنے آیا ہے
پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص کے بعد پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی نئی اور مستحکم پہچان بنائی ہے۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والا حالیہ دفاعی معاہدہ ایک اہم سنگ میل ہے، جو خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے نئے دور کی بنیاد رکھے گا۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ دنیا اس وقت بڑے خطرات سے دوچار ہے اور بھارت کا جارحانہ رویہ واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں نفرت اب ریاستی پالیسی کا حصہ بن چکی ہے جبکہ اسرائیل اور بھارت اپنی پالیسیوں کے ذریعے "طاقت کا قانون” نافذ کر رہے ہیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے پارلیمانی کمیٹی سے استعفیٰ دے کر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے، حالانکہ پارٹی میں کئی ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کے خواہاں ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos