پرتگال کا فلسطین کو باضابطہ ریاست تسلیم کرنے کا اعلان

لزبن: پرتگالی وزارتِ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ پرتگال اتوار کے روز فلسطین کو باضابطہ طور پر ایک آزاد ریاست تسلیم کرے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیرِ خارجہ پاؤلو رینگل نے حالیہ برطانیہ کے دورے کے دوران عندیہ دیا تھا کہ پرتگال اس فیصلے پر غور کر رہا ہے، اور اب اس حوالے سے سرکاری اعلان کر دیا گیا ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ رواں ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں متعدد ممالک فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا باضابطہ اعلان کریں گے، جن میں پرتگال بھی شامل ہوگا۔

خیال رہے کہ پرتگال نے اس معاملے پر طویل عرصے تک محتاط رویہ اپنایا اور یورپی یونین میں مشترکہ مؤقف اختیار کرنے کی کوشش کی۔

یاد رہے کہ پرتگال سے قبل فرانس، برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا اور کئی دیگر ممالک بھی فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کر چکے ہیں۔