بیرسٹر سیف کی افغان سفیر سےملاقات،خطے میں امن و تعاون پر اتفاق

اسلام آباد: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے افغان سفیر سردار احمد شکیب سے ملاقات کی، جس میں باہمی تعلقات، سیکیورٹی صورتحال اور خطے میں دیرپا امن کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

ملاقات کے دوران خیبر پختونخوا میں حالیہ بدامنی، پاکستان اور افغانستان کے تعلقات اور خطے کی سلامتی پر گفتگو کی گئی۔ بیرسٹر سیف نے افغان عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا، زلزلہ متاثرین کے لیے دعا کی اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے افغان سفیر کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں امن و امان کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان اور افغانستان کا امن ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے، اسی لیے دونوں ممالک کو تعلقات مزید مضبوط بنانے چاہئیں۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں ترقی اور امن کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا اور قبائلی جرگوں کے کردار کو اہم قرار دیا۔ بیرسٹر سیف نے بتایا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور خود قبائلی جرگے منعقد کر رہے ہیں جو قیام امن میں مددگار ثابت ہوں گے۔

افغان سفیر سردار احمد شکیب نے اس موقع پر کہا کہ افغان حکومت خطے میں پائیدار امن کے لیے ہر قسم کے تعاون پر تیار ہے اور یہ کہ دونوں ممالک کا مستقبل امن و استحکام سے جڑا ہوا ہے۔