کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اللّٰہ کا خوف اور اچھا نظام ہی معاشرتی اور ملکی مسائل کو درست کر سکتا ہے۔
تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہر صوبے کے عوام کے حق کی بات کرتی ہے، زبان، قوم، قبیلے یا مسلک کی بنیاد پر نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مسائل جیسے کچھی کینال، بجلی اور گیس کے حل کے لیے ہم عوام سے روابط مزید بڑھائیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسلام کا نظام اقلیتوں کو سب سے زیادہ تحفظ فراہم کرتا ہے اور جماعت اسلامی تمام مسالک کے افراد کے لیے کھلی ہے۔ انہوں نے پروفیسر شکیل روشن کو جماعت اسلامی میں شمولیت پر مبارکباد بھی دی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن و امان اور تعلیم کے مسائل سنگین ہیں، لاکھوں بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یورپ اور امریکا میں فلسطینیوں کے حق میں آوازیں اٹھ رہی ہیں جبکہ اسرائیل اور امریکا نسل پرستی کو فروغ دے رہے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos