ایف بی آر کا بڑا فیصلہ:سوشل میڈیا پر دولت دکھانے والے کیخلاف کارروائی

وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس نیٹ سے باہر اور کم ٹیکس ادا کرنے والے اُن افراد کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے جو سوشل میڈیا پر اپنی دولت اور شاہانہ طرزِ زندگی کی نمائش کرتے ہیں۔

ایف بی آر ذرائع کے مطابق ادارے کی سوشل میڈیا ٹیم نے ایسے ایک لاکھ سے زائد امیر افراد کا ڈیٹا اکٹھا کر لیا ہے جن کی تصاویر اور ویڈیوز میں قیمتی گاڑیاں، بنگلے اور زیورات نمایاں ہیں۔ ان افراد کی آمدنی اور اخراجات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق شادیوں میں لاکھوں روپے کے سوٹ اور شاہانہ اخراجات کرنے والے بھی ایف بی آر کی زد میں آئیں گے۔ اگر یہ اخراجات انکم ٹیکس گوشواروں میں ظاہر نہ کیے گئے تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

مزید بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال جمع کرائے گئے ٹیکس ریٹرنز کا اس سال کے گوشواروں سے موازنہ کیا جائے گا، جبکہ مجموعی طور پر 80 فیصد ریٹرنز کا آڈٹ کیا جائے گا۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ایسے افراد جنہوں نے اپنی سالانہ آمدنی میں اضافہ ظاہر نہیں کیا، وہ کارروائی سے بچنے کے لیے فوری طور پر اپنے ٹیکس ریٹرن اپ ڈیٹ کر لیں۔ البتہ جو لوگ درست اور اپ ڈیٹڈ معلومات فراہم کریں گے، انہیں فی الحال کسی کارروائی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔