ہیتھرو سمیت یورپ کے بڑے ہوائی اڈوں پر سائبر حملہ، پروازیں متاثر
ہیتھرو سمیت یورپ کے بڑے ہوائی اڈوں پر سائبر حملہ، پروازیں متاثر

ہیتھرو سمیت یورپ کے بڑے ہوائی اڈوں پر سائبر حملہ، پروازیں متاثر

لندن: یورپ کے 3 بڑے ہوائی اڈوں بشمول لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر ایک بڑے سائبر حملے نے چیک اِن اور بورڈنگ کے نظام کو متاثر کر دیا، جس کے نتیجے میں متعدد پروازیں تاخیر کا شکار یا منسوخ ہو گئیں۔

یہ حملہ کولنس ایرو اسپیس کے سافٹ ویئر پر ہوا، جو دنیا بھر کے ہوائی اڈوں اور ایئر لائنز کو چیک اِن اور بورڈنگ کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ حملے سے برسلز اور برلن کے ہوائی اڈے بھی متاثر ہوئے۔

برطانوی وزیرِ نقل و حمل ہیڈی الیگزینڈر نے مسافروں سے کہا ہے کہ وہ اپنی پرواز کی حیثیت قبل از وقت چیک کریں اور طویل پرواز کے لیے 3 گھنٹے قبل اور مقامی پرواز کے لیے 2 گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچیں۔

ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ حملہ بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کے نظام کی کمزوری ظاہر کرتا ہے اور اس نوعیت کی رکاوٹ مستقبل میں دیگر ہوائی اڈوں تک بھی پھیل سکتی ہے۔ کولنس ایرو اسپیس نے وعدہ کیا ہے کہ مسئلہ جلد حل کر کے سسٹم کی مکمل فعالیت بحال کی جائے گی۔