پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ کسی فرد یا گروہ کو خود سے جہاد کا اعلان کرنے کا کوئی اختیار حاصل نہیں، جو لوگ جہاد کرنا چاہتے ہیں وہ پاک فوج میں شامل ہوں۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں مذہبی رواداری اپنانی ہوگی اور اپنے رویوں کو بہتر بنانا ہوگا۔ اسلام غیر مسلموں کے جان و مال کے تحفظ پر بھی زور دیتا ہے، اس لیے کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
طاہر اشرفی نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو بھارت جیسی بڑی قوت پر فوقیت دی ہے، جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ دفاعی معاہدہ اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مسلمانوں کے برابر حقوق حاصل ہیں اور انہیں ہراساں نہیں کیا جا سکتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج جہاد کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے، جبکہ اصل جہاد صرف ریاست کی اجازت سے ہو سکتا ہے۔ ہمیں ’’پیغامِ پاکستان‘‘ کو عملی طور پر نافذ کرنا ہوگا تاکہ ملک میں امن اور بھائی چارہ قائم ہو۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos