کراچی: گٹر کی صفائی کے دوران 3 افراد جاں بحق، ایک کی حالت نازک

 

کراچی کے علاقے گارڈن عثمان آباد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں گٹر کی صفائی کے دوران 3 افراد دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک شخص کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق صفائی کے لیے مین ہول میں اترنے والے شخص نے مدد کے لیے آواز لگائی، جس پر اس کے والد اور بھائی اسے بچانے نیچے اترے لیکن وہ بھی جانبر نہ ہوسکے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی حالت میں نکالے گئے ایک شخص کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کو واٹر کارپوریشن نے تقریباً 15 ہزار روپے کے عوض صفائی پر لگایا تھا، تاہم ادارے کی جانب سے حفاظتی سامان اور رسیاں تک فراہم نہیں کی گئی تھیں۔