ایشیا کپ سپر فور:شاہین آج بھارتی حریفوں کے مدمقابل،بدلے کی تیاری مکمل

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گی۔ گرین شرٹس پچھلی شکست کا حساب برابر کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ہینڈ شیک تنازع کے بعد دونوں روایتی حریف شام ساڑھے 7 بجے پاکستانی وقت کے مطابق میدان میں اتریں گے۔ میچ دبئی کے اسی گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، جبکہ میچ ریفری ایک بار پھر اینڈی پائی کرافٹ ہوں گے۔ یاد رہے کہ گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

گزشتہ روز دبئی کرکٹ اکیڈمی میں قومی اسکواڈ کی پریکٹس کے دوران بھارتی فینز نے پاکستانی کھلاڑیوں کا استقبال کیا، فخر زمان سے تصاویر اور آٹوگراف بھی لیے۔ اسی دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ٹیم کا حوصلہ بڑھایا۔

ٹیم مینجمنٹ نے بھارت کے خلاف حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ امکان ہے کہ اوپنر صائم ایوب کا بیٹنگ آرڈر بدلا جائے اور انہیں نمبر چار پر بیٹنگ کرائی جائے، جبکہ حسن نواز کی جگہ حسین طلعت کو اسکواڈ میں شامل کرنے کا بھی امکان ہے۔ فاسٹ باؤلنگ میں شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف پر ہی اعتماد کیا گیا ہے۔

شائقین کرکٹ ایک بار پھر قومی ٹیم سے جیت کی امید لگائے بیٹھے ہیں اور دعا کر رہے ہیں کہ پاکستان اس بار شکست کا بدلہ لے۔