پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کیڈٹ کالج پلندری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلباء اور اساتذہ سے خصوصی ملاقات کی۔
اس نشست میں شرکاء نے بھارت کے خلاف کامیابیوں پر پاک فوج کی قربانیوں اور خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے نوجوانوں کو پاکستان کے دفاعی نظام اور ملکی سلامتی میں افواج پاکستان کے کردار پر تفصیل سے آگاہ کیا۔
طلباء اور اساتذہ نے جنرل احمد شریف چودھری کے مدلل جوابات اور رہنمائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی باتوں سے اعتماد اور حوصلے میں اضافہ ہوا ہے۔ پرنسپل کیڈٹ کالج پلندری نے بھی اس موقع پر کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی گفتگو نے ہمارے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔
شرکاء نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ بھارت کی کسی بھی ممکنہ جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اسے کسی صورت پاکستان سے جدا نہیں کیا جا سکتا۔ قائداعظم محمد علی جناح کے فرمان کے مطابق کشمیر ہمیشہ پاکستان کا حصہ رہا ہے اور رہے گا۔
تقریب میں نوجوانوں کو یہ پیغام بھی دیا گیا کہ سوشل میڈیا پر آنے والی خبروں کو تحقیق کے بغیر ماننے کے بجائے ان کی حقیقت جانچنا ذمہ دار شہری ہونے کی علامت ہے۔
مزید یہ کہ کالج کے شرکاء نے اپنے پہلے شہید، میجر رب نواز طارق کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر حال میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos