پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے پر دستاویزی فلم کا ٹریلر ریلیز

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر ہونے والے دہشت گرد حملے اور اس دوران سندھ پولیس کے جوانوں کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے بنائی گئی دستاویزی فلم *”دی پولیس اسٹوری (PSX: The Police Story)” کا ٹریلر کراچی کے سنیما میں ریلیز کیا گیا۔

یہ فلم روا ڈاکیومینٹری فلمزکے بینر تلے تیار کی گئی ہے، جس کے پریمیئر میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن، ریپڈ رسپانس فورس (RRF) کے وہ اہلکار جنہوں نے حملے کو ناکام بنایا، اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں پولیس کے مثبت کام زیادہ نمایاں نہیں ہوتے، جبکہ دنیا کے کئی ممالک میں پولیس اور دیگر فورسز کی قربانیوں پر فلمیں اور سیریز بنائی جاتی ہیں، جو اہلکاروں کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنتی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ فلم پولیس کی غیر معمولی کارکردگی کو سامنے لاتی ہے۔ سندھ پولیس کے جوانوں نے محض چند منٹ میں دہشت گردوں کو ہلاک کرکے بڑے سانحے سے ملک کو محفوظ بنایا۔

واضح رہے کہ 29 جون 2020 کو دہشت گردوں نے کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو نشانہ بنایا تھا، تاہم سندھ پولیس کی ریپڈ رسپانس فورس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس منصوبے کو ناکام بنا دیا تھا۔