بلوچستان میں منشیات کے خلاف بڑی مہم کا آغاز

کوئٹہ: اینٹی نارکوٹکس فورس اور مقامی اداروں نے بلوچستان میں پوست کی کاشت اور منشیات کے اڈوں کے خاتمے کے لیے وسیع مہم شروع کر دی ہے۔ یہ اقدام فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور حکومت بلوچستان کی براہِ راست ہدایات پر کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد صوبے کو منشیات سے پاک کرنا ہے۔

مہم کے دوران مختلف علاقوں میں پوست کی فصلیں تلف کی گئی ہیں جبکہ منشیات کی پیداوار اور ترسیل میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں بھی کی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق مقامی آبادی کو منشیات کی کاشت سے روکنے کے لیے متبادل روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

حکومت اور سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ منشیات، جرائم اور دہشتگردی کے گٹھ جوڑ کو توڑنے کے لیے پائیدار حکمت عملی اپنانا ضروری ہے۔ یہ جنگ قومی ذمہ داری ہے جس میں ریاستی اداروں کے ساتھ معاشرے کے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہوگا۔