اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے جیولرز کے خلاف ٹیکس شکنجہ سخت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 60 ہزار سے زائد جیولرز کا ڈیٹا جمع کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ان میں سے صرف 21 ہزار جیولرز ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں، جبکہ ان میں بھی صرف 10 ہزار 524 نے ٹیکس ریٹرن جمع کرائے۔
ایف بی آر حکام کے مطابق بیشتر جیولرز اپنی اصل آمدنی چھپا کر کم ظاہر کر رہے ہیں، جس پر کارروائی کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ پہلے مرحلے میں پنجاب کے 900 جیولرز کی فہرست تیار کی گئی ہے جن کا تعلق لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان سے ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جیولرز کی ٹیکس ریٹرنز ان کے کاروبار اور طرزِ زندگی کے مطابق نہیں ہیں۔ اسی لیے ٹیکس کم ادا کرنے والے جیولرز کو نوٹسز کے ذریعے وضاحت طلب کی جا رہی ہے۔
ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ تمام سیکٹرز کو ٹیکس نیٹ میں لایا جا رہا ہے، کسی تاجر یا صنعتکار کو بلاوجہ نوٹس نہیں دیا جائے گا، تاہم ملک کی ترقی کے لیے ہر فرد کو ایمانداری سے ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos