سندھ حکومت نے صوبے کے 14 اضلاع میں بلدیاتی ضمنی انتخابات کے موقع پر 24 ستمبر (بدھ) کو عام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جن اضلاع میں تعطیل ہوگی ان میں گھوٹکی، سکھر، خیرپور، میرپور خاص، عمرکوٹ، مٹیاری، حیدرآباد، جامشورو، دادو، بدین، ٹھٹھہ، کراچی ویسٹ، کراچی ایسٹ اور کیماڑی شامل ہیں۔ ان اضلاع میں پولنگ کے دن تمام سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے تاکہ عوام کو ووٹ ڈالنے میں سہولت میسر آئے۔
ادھر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی عمل کے دوران امن و امان یقینی بنانے کے لیے سندھ رینجرز کی خدمات طلب کرلی ہیں۔ وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ کراچی ایسٹ، ویسٹ، کیماڑی اور عمرکوٹ کے انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز اہلکار تعینات کیے جائیں۔
الیکشن کمیشن سندھ کے ترجمان کے مطابق 14 اضلاع کی 28 نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات ہوں گے جن میں 2 ڈسٹرکٹ کونسل نشستیں، 6 چیئرمین، 7 وائس چیئرمین اور 13 جنرل وارڈ ممبرز کی نشستیں شامل ہیں۔ اس موقع پر انتخابی عمل کی نگرانی کے لیے 14 ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران، 21 مانیٹرنگ افسران اور 21 اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران تعینات کیے گئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 43 ہزار 187 ہے جن میں ایک لاکھ 33 ہزار 38 مرد اور ایک لاکھ 10 ہزار 154 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ مجموعی طور پر 167 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں 17 مردوں، 17 خواتین اور 134 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق 127 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس، 34 کو حساس اور صرف 6 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ انتخابی عمل کے دوران 1512 اہلکار ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos