پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان گوشت کی برآمد سے متعلق ایک اہم تجارتی معاہدہ طے پا گیا ہے، جسے پاکستان کی برآمدات میں نمایاں پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو فراہم کردہ معلومات کے مطابق ایک پاکستانی بیف کمپنی نے یو اے ای کی ایک بڑی فرم کے ساتھ معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت پاکستان 81 لاکھ ڈالر مالیت کا فریز شدہ بون لیس بیف برآمد کرے گا۔
کمپنی کے ترجمان کے مطابق یہ گوشت عالمی معیار کے مطابق پراسیس کیا گیا ہے اور اسے متحدہ عرب امارات میں صنعتی اور گھریلو دونوں سطحوں پر استعمال کیا جائے گا۔ معاہدے کے تحت بیف کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، جو نہ صرف پاکستانی گوشت کی بڑھتی ہوئی بین الاقوامی طلب کو ظاہر کرتا ہے بلکہ ملک کے لیے قیمتی زرِ مبادلہ کا ذریعہ بھی بنے گا۔
معاہدے میں شامل گوشت پاکستان کے جدید اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر تیار کردہ پلانٹس میں پروسیس کیا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے تجارتی معاہدے نہ صرف گوشت کی صنعت کو وسعت دیں گے بلکہ زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبے میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی پیدا کریں گے۔
واضح رہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں گزشتہ چند برسوں کے دوران پاکستانی گوشت کی مانگ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، اور یہ معاہدہ پاکستان کی غیر روایتی برآمدات کو مزید تقویت دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos