اسلام آباد: چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے جنرل منیجر، سوئی ناردرن گیس پرائیویٹ لمیٹڈ (SNGPL) عدنان احمد نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
مینیجنگ ڈائریکٹر، ایس این جی پی ایل کی ہدایت پر جنرل منیجر، ایس این جی پی ایل نے اسلام آباد کے پرانے سیکٹر G-6 اور بلیو ایریا میں نئی گیس پائپ لائنز کی تنصیب پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں سیکٹر G-6 اور بلیو ایریا میں نئے گیس پائپ لائنوں کی تنصیب کے کام کو جلد دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ایم ڈی، ایس این جی پی ایل نے کہا کہ اسلام آباد میں عرصہ دراز کے بعد بوسیدہ گیس پائپ لائنوں کو بدلنے کے عمل کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان بوسیدہ گیس پائپ لائنوں کی تبدیلی سے گیس لیکج اور ضیائع کو روکنے سمیت گیس کی بہتر فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے گا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے نئی گیس پائپ لائن کی تنصیب کے کام کو جلد مکمل کرنے کیلئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ اور انوائرمنٹ ونگز نے اس ضمن میں ایس این جی پی ایل کو پہلے ہی متعلقہ این او سیز جاری کردئیے ہیں۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ گیس پائپ لائنوں کی تنصیب کے کام کو موسم سرما سے قبل ہر صورت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گیس پائپ لائن کی تنصیب کے بعد اسلام آباد کے شہریوں کو موسم سرما میں گیس کی سپلائی میں کمی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ سوئی گیس پائپ لائنوں کے تبدیلی کے کام کے دوران گیس صارفین کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ایس این جی پی ایل گندھارا سٹیزن سینٹر، F-9 میں گیس کے کنکشن کی فراہمی کو جلد از جلد یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات و ایریاز میں گیس کنکنشز کی فراہمی کو فوراً روکا جائے۔
جی ایم، ایس این جی پی ایل نے کہا کہ اسلام آباد میں گیس پریشر کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے ایس جی پی ایل مؤثر حکمت عملی اپنا رہا ہے اور موسم سرما کی آمد سے قبل گیس کی خاطر خواہ سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات مکمل کر لئے جائیں گے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سی ڈی اے شہریوں کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہا ہے۔ ملاقات میں سی ڈی اے اور ایس این جی پی ایل نے مستقبل میں باہمی تعاون اور ملکر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos