ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں کے ڈیلی الاؤنس نظر انداز کر دیے،کھلاڑی مایوسی کا شکار

لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن کھلاڑیوں کے ڈیلی الاؤنس کے مسئلے کو یکسر بھلا بیٹھی ہے، جس کے باعث قومی کھلاڑی شدید پریشانی اور مایوسی کا شکار ہیں۔

ذرائع کے مطابق پرو ہاکی لیگ کے لیے حکومت سے معاملات طے کرتے وقت فیڈریشن کھلاڑیوں کے واجبات کے معاملے پر کوئی پیشرفت نہ کر سکی۔ کھلاڑیوں کے انٹرنیشنل ڈیلی الاؤنس کی رقم فی کس تقریباً 5 لاکھ روپےبنتی ہے، تاہم ادائیگی نہ ہونے پر کھلاڑی فیڈریشن کی عدم دلچسپی پر دل برداشتہ ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ قومی کھلاڑی عدم تعاون کے باعث متبادل راستے تلاش کرنے پر مجبور ہیں اور کئی کھلاڑی مختلف **انٹرنیشنل لیگز اور ٹورنامنٹس** کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ مستقبل غیر یقینی ہے، زندگی بھی چلانی ہے، اس لیے جو موقع ملے اسے حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ فیڈریشن نے کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک الاؤنس بھی 3 ہزار روپے کے بجائے محض 2500 روپے فی میچ کے حساب سے ادا کیا تھا، جس پر کھلاڑیوں میں مزید بے چینی پائی جاتی ہے۔